Table of Contents
سوانح نگاری کی تعریف، اقسام، ضرورت اور اہمیت
سوانح نگاری کیا ہے؟ سوانح نگاری کسے کہتے ہیں؟ اس کی اقسام کون کون سی ہیں؟ اور اس کی ضرورت و اہمیت کیا ہے؟ اس آرٹیکل میں ہم سوانح نگاری کی تعریف، اقسام، ضرورت اور اہمیت پر ایک نظر ڈالیں گے تا کہ اس ضمن میں اٹھنے والے بنیادی سوالات کا آسان جواب حاصل ہو سکے۔ مزید معلومات کے لیے ہماری ویب سائٹ ملاحظہ کرتے رہیے۔Ilmu علموبابا
سوانح کیا ہے؟ سوانح نگاری کسے کہتے ہیں؟
لغوی اعتبار سے "سوانح” کا مطلب "واقعات” یا "حادثات” ہے، جو کہ سانحہ اور حادثہ کی جمع کے طور پر مستعمل ہے۔ ادبی اصطلاح میں سوانح کسی شخص کی زندگی کے حالات و واقعات کو کہتے ہیں، جبکہ سوانح نگاری، ان حالات و واقعات کو لکھنے کا عمل ہے۔ سوانح نگاری کی تعریف کرتے ہوئے ڈاکٹر سنبل نگار نے مختلف محققین اور ناقدین کی رائے کو یوں بیان کیا ہے:
کار لائل نے اسے افراد کی داستانِ حیات بتایا ہے۔ ایمرسن کا خیال ہے کہ جب کوئی عظیم انسان عظیم تر انسان کی زندگی کی تشریح کرتا ہے تو سوانح عمری وجود میں آتی ہے۔ 1
سوانح یا سوانح عمری میں زندگی کا کوئی بھی واقعہ یا واقعات جو دلچسپ ہوں اور لوگوں کے کیے کوئی نہ کوئی معانی رکھتے ہوں، پیش کیے جاتے ہیں۔ سوانح عمری کی مختلف شکلیں بھی ہیں مگر مختلف خصوصیات کی بدولت انہیں الگ صنف کا نام دے دیا گیا ہے۔ مثلاً آپ بیتی، خاکہ، سیرت، تذکرہ وغیرہ۔
سوانح میں تقریباً تمام زندگی کے حالات و واقعات بیان کیے جا سکتے ہیں، مگر ان کے انتخاب میں احتیاط بھی ضروری ہے۔
سوانح نگاری کی اقسام
سوانح نگاری کو عموماً دو مختلف اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
سوانح (بائیو گرافی)
خود نوشت سوانح (آٹو بائیو گرافی)
خود نوشت سوانح کا تعلق اپنی زندگی کے حاات بیان کرنے سے ہے۔ اسے "آپ بیتی” بھی کہتے ہیں۔ اس کی ذیلی شاخوں میں رپورتاژ، سفرنامے، روداد وغیرہ کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
سوانح اور خاکہ دونوں کسی دوسری شخصیت کے متعلق بیان ہے مگر دونوں ایک دوسرے سے قدرے مختلف ہیں۔ سوانح عمری طوالت، مکمل زندگی کا بیان، حقائق، واقعات کی ترتیب، فنی اصولوں کی تقلید اور مشہور شخصیات کی زندگی کا نام ہے۔ جبکہ اس کے بالمقابل خاکہ شخصیت کی یک رخی تصویر، مختصر، تخئیل و تحقیقی کے امتزاج، واقعات کی بے ترتیبی اور کسی بھی معروف و غیر معروف کردار کی عکاسی کی سرسری کوشش کرنا ہے۔
اپنی منفرد نوعیت کے باعث یہ تمام اصناف ایک دوسرے سے مختلف ہو جاتی ہیں حالاں کہ ان تمام کا منبع و ماخذ ایک ہی ہے۔
سوانح نگاری کی ضرورت اور اہمیت
سوانح نگاری بنیادی طور پر کسی شخص کی زندگی کے حالات اس وجہ سے بیان کرنے کا نام ہے کہ دوسرے افراد بالخصوص عام عوام کو کسی مخصوص "شخص” کی زندگی کے تجربات سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس شخص کی زندگی کے کار ہائے نمایاں، جن میں نوعِ انسانی کو فائدہ پہنچا ہو اور لوگوں کے لیے ایک مثالی نمونہ پیش کرنے کا نام ہے۔ یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ ماضی کی وہ شخصیات جنہیں ہم بھول جاتے ہیں، انہیں دوبارہ یاد کیا جائے، اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ ان سب کے علاوہ سوانح نگاری تاریخ نویسی، اور تحقیق کی بھی ایک قسم ہے۔ یہ ایک طرح کے تاریخی دستاویزات کا کام بھی کرتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ ادیبوں کا امتحان بھی ہے، کہ وہ زندگی کے واقعات کو فنی مہارت کے ساتھ کس طرح بیان کرتے ہیں۔ نیز یہ ادب کو مختلف علوم کے ماہر افراد کی حیات سے مزید قریب کر دیتی ہے اور اپنے اندر کسی شخص اور شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک منفرد طریقۂ کار ہے۔
(تحریر: ع حسین زیدی)
We offer you our services to Teach and Learn Languages, Literatures and Translate. (Urdu, English, Bahasa Indonesia, Hangul, Punjabi, Pashto, Persian, Arabic)
اس آرٹیکل کو بہتر بنانے میں ہماری مدد کریں
اگر آپ کو اس آرٹیکل میں کوئی غلطی نظر آ رہی ہے۔ تو درست اور قابلِ اعتبار معلومات کی فراہمی میں ہماری مدد کریں۔ ہم درست معلومات کی ترسیل کے لیے سخت محنت کرتے ہیں ۔
اگر آپ بھی ہمارے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنا چاہتے ہیں تو ہماری اس کمیونٹی میں شامل ہو کر معلومات کے سلسلے کو بڑھانے میں ہماری مدد کریں۔
میں بھی اس میں شامل ہونا چاہتی ہوں