ادب کی تعریف۔ ادب کیا ہے

ادب کی تعریف۔ ادب کیا ہے

ادب اور ادبیات کا انسانی زندگی اور تہذیبوں سے گہرا تعلق ہے۔ بہت سے لوگ ادب کو احترام کے ساتھ ملا دیتے ہیں اور انہیں معنوں پر اکتفا کر لیتے ہیں۔ حالانکہ ادب محدود نہیں بلکہ وسیع تر معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ اس آرٹیکل میں ہم جانیں گے کہ زبان کے شعبے میں ، “ادب کیا ہے” اور “ادب کا معنی” کیا ہے۔ اور کسی زبان کا ادب سے کیا رشتہ ہوتا ہے۔ مزید “ادب کی تعریف” جاننے کے لیے ملاحظہ کیجیئے ہمارا ویب صفحہ علمو۔

ادب کی تعریف۔ ادب کیا ہے
ادب کی تعریف۔ ادب کیا ہے

 اردو زبان میں “ادب” کا لفظ عربی زبان سے آیا ہے۔ اس لفظ کا عمومی معنی تو احترام کے ساتھ ہی وابستہ کیا جاتا ہے اور ادب و احترام کی ترکیب بھی بکثرت استعمال کی جاتی ہے۔ لیکن اس کے باوجود عربی زبان اور عربی لغات میں ادب کو وسیع تر معنوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہی لفظ “ادب” اپنے ان وسیع تر معنوں کے ساتھ فارسی اور اردو زبان میں بھی در آیا۔ اور ادب کے ساتھ ادبیت، ادبیات، ادبا، ادیب جیسے الفاظ بھی استعمال ہونے لگے۔ اس ادب میں معانی سمجھنے کے لیے اس کے متبادل  انگریزی لفظ “لٹریچر” کا سہارا لیتے ہیں۔ انگریزی لفظ “لٹریچر” کا مشاہدہ بھی کیا جائے تو یہ بھی دو مختلف معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ اس کا ایک معنی کوئی بھی تحریر کی ہوئی بات ہے۔ لیکن ہمارا مقصود اس کا دوسرا معنی ہے۔

اصلاح میں ادب کا معنی دیکھا جائے ادب ایک خاص قسم کی تحریر کو کہتے ہیں۔ ادب ایسی تحریر کو کہتے ہیں جس میں لکھنے والا خیالات اور فکر کے ساتھ ساتھ جذبات و  احساسات کو کیفیات کو بھی بیان کرے۔ اور  اس کے ساتھ ساتھ بیان کرنے کا انداز فن کارانہ ہو۔ سو  اس تعریف کے مطابق ادب ایک ایسی تحریر ہوئی جس میں زبان یا تحریر کے ساتھ تین مزید چیزیں جڑ گئیں۔ ایک تو فکر اور خیالات، دوسرے جذبات احساسات اور کیفیات، اور تیسرے فن کارانہ انداز بیان کا استعمال۔

مجموعی طور پر یہاں دی گئی ادب کی تعریف میں چار اہم نکات موجود ہیں جو واضح کر رہے ہیں کہ ادب کا معنی کیا ہے۔ ان میں سب سے پہلے تحریر یا زبان ہے۔ سب سے عام صورت میں ادب تحریری شکل میں موجود ہوتا ہے۔کہانی، قصہ، ناول، مضمون، شاعری سب زبان ہی تو ہیں۔ خصوصی شکل میں یہ زبان تحریر سے ہٹ کر نطقی یا زبانی (کلامی) حالت میں بھی ہو سکتی ہے۔ ادب کی اس حالت کو انگریزی میں “اورل لٹریچر” یعنی زبانی ادب کہا جاتا ہے۔ کسی علاقے کا لوک ادب اسی کی ذیل میں آتا ہے۔

تعریف کے اعتبار سے ادب کا دوسرا اہم جزو خیال اور فکر ہے۔ کسی بھی زبان اور زبان کے لیے بھی لفظ کے ساتھ ایک خیال موجود ہوتا ہے، جسے ہم اس لفظ یا بات کا معنی کہتے ہیں۔ اگر کسی لفظ یا بات کا معنی موجود نہ ہو تو وہ بات مہمل، بے معنی کہلائے گی جسے انگریزی زبان میں ایبزرڈ کہتے ہیں۔ زبان یعنی لفظ کے ساتھ کوئی خیال دیگر علوم کی کتب میں بھی ہوتا ہے۔

لیکن جو شے ادب کو دیگر علوم سے جدا کرتی ہے وہ اس کی تعریف کے اگلے دو نکات ہیں۔ ان میں سے تعریف کے مطابق موجود تیسرا اہم نکتہ جذبات احساسات اور کیفیات کا بیان ہے۔ دیگر علوم کی جہاں کوشش ہوتی ہے کہ بات دماغ کو سمجھ آئے اور فکر پر اثر کرے، وہیں ادب کی یہ کوشش بھی ہوتی ہے کہ بات دل پر اثر کرے۔ ادب کی تحریریں لوگوں کو خوش بھی کرتی ہیں اور رلاتی بھی ہیں۔ غم، دکھ، اداسی، خوشی، نشاط، تذبذب، پریشانی، بے قراری، غرور، انا، حسد نفرت، الغرض دل و دماغ میں پیدا ہونے والے ہر ایک جذبے اور کیفیات کا ادب میں بیان کیا جاتا ہے۔

آخری اور اہم نکتہ جو یہ بتاتا ہے کہ ادب کیا ہے اور دیگر تحریروں سے ادب کا معنی مختلف کیسے ہے، وہ فن کارانہ انداز بیان ہے۔ آسان زبان میں اسے ہم بات کرنے یا بیان کرنے کی تکنیک کہہ سکتے ہیں۔ اس میں تشبیہ، استعارہ، مجاز، کنایہ، ترنم، موسیقیت، لے، آہنگ، تکرار، تضاد، مرات النظیر، لف و نشر سمیت اختصار، ایجاز، وضاحت، بیان، دلیل، ترکیب، مہمل الغرض یہ کہ نظم و  نثر کی تمام تر تکنیکیں شامل کر دیتے ہیں۔ اس کا بنیادی  مقصد یہی ہوتا ہے کہ بات کو خوصورت سے خوبصورت تر کیسے بنایا جا سکتا ہے۔

سو اس تعریف اور وضاحت کے ساتھ ہم جان گئے ہیں کہ ادب کیا ہے اور اس کا معنی کیا ہے۔ اب ادب کی اس تعریف کو سمجھنا آسان ہے کہ یہ ایسی زبان ہے جس میں خیالات کے ساتھ جذبات و احساسات کا بیان فن کارانہ انداز میں کیا جاتا ہے۔

(ع حسین زیدی)

We offer you our services to Teach and Learn Languages, Literatures and Translate. (Urdu, English, Bahasa Indonesia, Hangul, Punjabi, Pashto, Persian, Arabic)

اس آرٹیکل کو بہتر بنانے میں ہماری مدد کریں


اگر آپ کو اس آرٹیکل میں کوئی غلطی نظر آ رہی ہے۔  تو درست اور قابلِ اعتبار معلومات کی فراہمی میں ہماری مدد کریں۔ ہم درست معلومات کی ترسیل کے لیے سخت محنت کرتے ہیں ۔ Ilmu علموبابا

اگر آپ بھی ہمارے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنا چاہتے ہیں تو ہماری اس کمیونٹی میں شامل ہو کر  معلومات کے سلسلے کو بڑھانے میں ہماری مدد کریں۔

 

Follow us on

Leave a Reply

Ilmu علمو